ہمیشہ شرافت کی سیاست کی، لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،لیاقت علی جتوئی
میری جنگ نظریاتی ہے جو گزشتہ 17 سالوں سے مسلسل لڑ رہا ہوں

میہڑ(jano.pk)سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور جی ڈی اے رہنما لیاقت علی جتوئی نے میہڑ کے قریب گاؤں بیٹو جتوئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یہاں آلو، ٹماٹر، توری اور موری فروخت ہونے والی چیزیں ہیں، مگر افسوس کہ یہاں سب وڈیرے بک گئے ہیں۔ اگر میں بھی وڈیرہ ہوتا تو شاید بک چکا ہوتا۔ جو شخص اپنی جگہ پر قائم رہتا ہے، وہی اصل ہیرو ہے۔
میری جنگ نظریاتی ہے جو گزشتہ 17 سالوں سے مسلسل لڑ رہا ہوں
لیاقت جتوئی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے ان کی کوئی ذاتی رنجش نہیں اور نہ ہی ان کے کسی پلاٹ پر قبضہ کیا گیا ہے، بلکہ ان کی جنگ نظریاتی ہے جو وہ گزشتہ 17 سالوں سے مسلسل لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غریب عوام ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور انہیں کامیاب کرایا ہے، مگر ہر انتخاب میں موجودہ بوگس نمائندے دھاندلی اور پیسے کے زور پر کامیاب ہوتے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال بدتر ہے، تعلیم تباہ حال ہے، سرکاری اسپتالوں میں ادویات نایاب ہیں، شہر کھنڈر بن چکا ہے اور بندوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان کے ساتھیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ “ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی، لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اور وقت آنے پر ان سب سے حساب ضرور لیا جائے گا