وفا ناتھن شاہی کے نام سے منسوب لائبریری کئی سال بعد بھی فعال نہ ہو سکی

دادو(رپورٹ:عابد ببر /جانو ڈاٹ پی کے )سندھ کے عظیم شاعر، وفا ناتھن شاہی جنہیں غزلوں کے بادشاہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ان کے نام سے منسوب پبلک لائبریری خیرپور ناتھن شاہ میں تین سال قبل مکمل کر لی گئی تھی، مگر افسوس کہ اتنے برس گزر جانے کے باوجود یہ لائبریری غیر فعال ہے۔
یہ عمارت جو علم و ادب کے فروغ، مطالعے اور تحقیق کے فروغ کیلئے قائم کی گئی تھی، آج کتابوں، کمپیوٹرز اور عملے کی عدم دستیابی کے باعث سنسان پڑی ہے۔
ادبی و علمی ماحول پیدا کرنے کا خواب اب تک ادھورا ہے جبکہ عمارت کی ویرانی حکومتی بے حسی کی علامت بن چکی ہے۔
ادبی حلقوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ لائبریری فعال کر دی جائے تو یہ نہ صرف نوجوانوں کیلئے مطالعے کا بہترین مرکز ثابت ہو سکتی ہے بلکہ سندھ کے ادبی ورثے کو بھی نئی زندگی مل سکتی ہے۔



