جنرل ساحرشمشاد مرزا کی بنگلہ دیشی فوج کے چیف آف آرمی سٹاف سےملاقات

ڈھاکہ(جانو ڈاٹ پی کے)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بنگلہ دیش کا سرکاری دورے پر ہیں جہاں بنگلہ دیشی چیف آف آرمی سٹاف جنرل وقارالزمان سے ملاقات کی جس دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کومزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل وقارالزمان نے ابھرتے ہوئے عالمی اورعلاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینےکے مثبت انداز کو سراہا ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں عسکری قیادت کے مختلف سطح پر باقاعدہ تبادلوں کے دوروں کو برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل وقارالزمان نے تربیت،مشترکہ مشقوں اور انسداد دہشتگردی تجربات کے اشتراک سمیت شعبوں کا احاطہ کیا۔ متعدد پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن اور تفرقہ انگیز مہمات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ایسے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



