میٹا کا کاروبار اور ایس ایم ایز کے لیے ڈیجیٹل تربیتی پروگرامز میں تعاون کا عندیہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے میٹا کے وفد کی ملاقات کی۔ ڈیجیٹل تعاون، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان میں محفوظ آن لائن ماحول اور ڈیجیٹل اقتصادی بااختیاری کے فروغ پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس پالیسی پر گفتگو ہوئی۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان خطے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشتوں میں سے ہے۔ ہر سال 75 ہزار آئی ٹی گریجویٹس تیار ہو رہے ہیں اور آئی ٹی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔
وزیر تجارت نے بتایا کہ نیشنل ای کامرس پالیسی ٹو پوائنٹ زیرو کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کا ہدف 2030 تک 20 ارب ڈالر کی مارکیٹ ہے۔ جام کمال خان نے میٹا کو اے آئی ایتھکس، سیفٹی اور ای کامرس کے شعبوں میں تعاون کی دعوت دی۔
میٹا کے نمائندے رافیل فرانکل نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو سراہا اور تعاون کے فروغ کی یقین دہانی کرائی۔ میٹا نے کاروبار اور ایس ایم ایز کے لیے ڈیجیٹل تربیتی پروگرامز میں تعاون کا عندیہ بھی دیا۔



