اختلافات کو مذاکرات سے حل کرینگے،محسن نقوی کی افغان نائب وزیر داخلہ سے ملاقات میں گفتگو

تہران(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران میں  افغان نائب  وزیر داخلہ ابراہیم صدر سے ملاقات ہوئی،  محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم برادر ملکوں کی طرح  اختلافات کو  مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی افغان نائب وزیر داخلہ ابراہیم صدر سے ملاقات  تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او) کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر  ہوئی۔

 اس موقع  پر ایرانی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اختلافات تو گھروں میں بھی ہوتے ہیں ، ہم برادر ملکوں کی طرح انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے ایرانی صدر  مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ۔ ایرانی صدر نے  ملاقات میں خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بھی تنازع سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا  کہ  ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بھی تنازع سے بچنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہ پیغمبر اسلام ﷺ کا واضح حکم ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ضرورت  اس بات کی ہےکہ مسلم ممالک اپنے اتحاد  اور  بھائی چارے کو برقرار  رکھتے ہوئے مشترکہ دشمنوں کے خلاف کھڑے ہوں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے  اسلام آباد اور کابل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں ایران کے کردار کا خیرمقدم  کیا اور کہا کہ  افغان حکومت کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری ہیں اور ہم مذاکرات کے ذریعے اختلافات کے پرامن حل پر زور دیتے ہیں، ہمیں خطے کے ممالک کے درمیان کشیدگی کو بڑھانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button