لاہور: نیب آفس پر حملےکےکیس میں مریم نواز اور دیگر کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہورمیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازاور سینیٹررانا ثنا اللہ سمیت مسلم لیگ ن کے دیگررہنماؤں کے خلاف نیب آفس پر حملےکا مقدمہ خارج کرنےکا تحریری حکم جاری کر دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نےحکم میں لکھاکہ پولیس نے تفتیش کرکے مقدمے کی اخراج رپورٹ عدالت میں داخل کرائی، پولیس رپورٹ کے مطابق تفتیش میں کسی بھی ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں کو لگنے والی چوٹیں ہجوم کے باہمی تصادم سے ہوئیں،کوئی دانستہ ہنگامہ آرائی یا توڑ پھوڑ نہیں ہوئی،دوران تفتیش گواہوں کے بیانات نے ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات کی تائید نہیں کی، 3مختلف افسروں کی تفتیش میں ایک جیسے نتائج سامنے آئے، تفتیشی افسروں نے مقدمے کی اخراج رپورٹ تیار کی،مدعی مقدمہ نیب افسر نے بھی پولیس رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا اس بنا پر عدالت یہ مقدمہ خارج کرنے کا حکم جاری کرتی ہے۔
خیال رہے کہ نیب آفس پر حملےکا مقدمہ 2020 میں نیب کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
اس مقدمے میں مریم نواز،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، راناثنا اللہ، بلال یاسین، مصدق ملک، خواجہ عمران نذیر، پرویز رشید، خرم دستگیر، زبیر عمر اور جاوید لطیف سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔



