خودمختاری اور سمندری سرحد کے ہر انچ کا دفاع کرنا جانتے ہیں،نیول چیف

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پاک میرینز میں 3 جدید 2400 ٹی ڈی ہوور کرافٹ کو شامل کیا گیا، جدید ہوور کرافٹ ایک ساتھ مختلف نوعیت کی سطح پر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سربراہ پاک بحریہ نے افسران اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ جدید اثاثوں کی شمولیت قومی بحری دفاع کے وژن کی عکاس ہے، کریکس ایریا سمیت سمندری سرحدوں کا تحفظ مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، میری ٹائم سیکیورٹی ملکی خودمختاری، اقتصادی خوشحالی اور استحکام کا بنیادی ستون بھی ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اپنی خودمختاری اور سمندری سرحد کے ہر انچ کا دفاع کیسے کرنا ہے، پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ہمارے بلند حوصلے کی طرح مضبوط ہیں۔



