ملک بھر میں بجلی سستی ہونے کا امکان، نیپرا نے اہم سماعت مکمل کرلی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے ) نیپرا نے ماہانہ ایندھن ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی ہے۔
سی پی پی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ صنعتوں کو پیکیجز دینے کا مقصد بجلی کی کھپت میں اضافہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق سولرائزیشن کے باعث ستمبر میں دن کے وقت بجلی کی کھپت 15 ہزار میگاواٹ جبکہ رات کے وقت 21 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ سولر توانائی کے استعمال کے باعث دن میں کھپت 6 ہزار میگاواٹ کم رہی۔
نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے مطابق ستمبر میں پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ کے تخمینے کے مقابلے میں صرف 4 ہزار میگاواٹ رہی، جبکہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اس ماہ فرنس آئل والے پلانٹس کی پیداوار 6 فیصد زیادہ رہی۔ سی پی پی اے نے وضاحت کی کہ یہ پلانٹس صرف پیک آورز کے دوران چلائے گئے۔
نیپرا نے سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔ سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس سے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کچھ سستی ہونے کا امکان ہے۔



