پاکستانی پہلوان حسن علی نے تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں تیسرا تمغہ حاصل کر لیا

بحرین سٹی(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی پہلوان حسن علی نے بحرین کے شہر ساما بے میں جاری تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں ملک کے لیے تیسرا تمغہ حاصل کر لیا، حسن علی نے بیچ ریسلنگ ایونٹ میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔حسن علی کو سابق کامن ویلتھ گیمز چیمپئن محمد انعام بٹ نے تربیت دی تھی، پہلوان نے 70 کلوگرام مقابلے میں تاجکستان کے ادریس بخرموف کو 0-2 سے شکست دی۔اس سے قبل، حسن علی کو سیمی فائنل میں ایران کے سینا شکوہی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم، برانز میڈل تک کے اپنے سفر میں انہوں نے اردن کے مرافی عبدالرحمن اور تاجکستان کے ایک اور پہلوان بازارزادہ کو شکست دی۔اسی ایونٹ میں پاکستان کے عبدالرحمٰن بھی ایک اور تمغہ حاصل کرنے کے قریب پہنچے، مگر وہ 65 کلوگرام کے برانز میڈل میچ میں اردن کے زید نغوج کے ہاتھوں 0-2 سے ہار گئے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کھلاڑیوں، ان کے معاون عملے اور متعلقہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو ان شاندار کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہم ان کے کھیلوں کے سفر میں مزید کامیابیوں کے خواہاں ہیں۔اس سے قبل، پاکستان نے والی بال ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا، جہاں قومی ٹیم کو فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ کبڈی ٹیم نے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔



