پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پنک تھیم کے تحت بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو اجاگر کیا جارہاہے

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہاہے، جو اس سال بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے سلسلے میں پنک تھیم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے “Pink Ribbon Pakistan” کے تعاون سے اس خصوصی میچ کا اہتمام کیا ہے، جس کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی پنک تھیم والی جرسیز پہنیں ہوئے ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی، میچ آفیشلز اور اسٹیڈیم اسٹاف پنک ربن لگا کر یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ اس موقع پر سٹیڈیم میں پنک اسٹمپ، آگاہی بینرز اور خصوصی پیغامات بھی دکھائے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف کھیل کے ذریعے سماجی شعور بیدار کرنے کا حصہ ہے بلکہ اس مہم کے تحت پِنک ربن بریسٹ کینسر اسپتال لاہور میں مفت سکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین بریسٹ کینسر کا شکار ہوتی ہیں، اور ماہرین کے مطابق اس کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔



