سندھ میں ایڈز نے پنچے گاڑلئے، رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد چار ہزار کے قریب
6 لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈائون شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ میں ایڈز نے پنچے گاڑ دیئے ،صوبے میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد چار ہزار کے قریب پہنچ گئی،6 لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹرز استعمال شدہ سرنجوں کی ری پیکنگ اور غیر تربیت یافتہ طبی عملہ خطرناک مریض کے پھیلائو کی روک تھام میں بڑی رکاوٹ ثابت ہورہاہے۔
ہم جنس پرستی، عطائی ڈاکٹرز، غیرقانونی کلینکس، غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکس، آلودہ انجیکشنز، کینولا سینٹرز، حجاموں کے استعمال شدہ بلیڈز، سرنجز کی ری پیکنگ، اسپتالوں کے ویسٹ کی فروخت پھیلائو کی وجوہات ہیں
محکمہ صحت سندھ کے اعدادو شمار کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں 6 لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹرز سرگرم ہیں جن میں 40 فیصد کراچی میں ہیں۔ ایچ آئی وی سے متاثرہ 3995 بچوں کے رجسٹرڈ کیسز ہیں جن میں صرف لاڑکانہ میں 1144 متاثرہ بچے شامل ہیں جبکہ شکارپور میں 509، شہید بےنظیر آباد 256، میرپورخاص 228 جبکہ ہر ضلع میں درجنوں کیسز موجود ہیں۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر رہا ہے جس کی بنیادی وجوہات ہم جنس پرستی، عطائی ڈاکٹرز، غیرقانونی کلینکس، غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکس، آلودہ انجیکشنز، کینولا سینٹرز، حجاموں کے استعمال شدہ بلیڈز، سرنجز کی ری پیکنگ، اسپتالوں کے ویسٹ کی فروخت اور غیر ذمہ دار طبی عمل ہیں۔
گزشتہ روز وزیرِ صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیرصدارت سندھ بھر میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز اور پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے آن لائن شرکت کی جبکہ سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر احسن قوی، سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر درِ ناز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سی ڈی سی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اگر کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش آئے تو مجھے بتائیں۔ میں خود نمٹ لوں گی،ڈاکٹر عذرا پیچوہو
اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تمام ایس ایس پیز اور ڈپٹی کمشنرز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل بند کیے جائیں۔ عوام کی جان سے کسی کو کھیلنے نہیں دینگے۔ زیرو ٹالرنس کی پالیسی نافذ ہوگی۔ کوئی سفارش نہیں چلے گی۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن، پولیس اور ڈی سیز غیر قانونی عطائی ڈاکٹرزکے خلاف سخت کریک داؤن شروع کریں۔ اگر کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش آئے تو مجھے بتائیں۔ میں خود نمٹ لوں گی۔
حاملہ خواتین کی اسکریننگ لازمی قرار دی جائے تاکہ ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی روکی جا سکے
وزیر صحت نے حکم دیا کہ حاملہ خواتین کی اسکریننگ لازمی قرار دی جائے تاکہ ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی روکی جا سکے۔ سندھ ہیلتھ کیئر جن مراکز کو سیل کرے انہیں دوبارہ کھولنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ اسپتال ویسٹ کی فروخت فوری بند کی جائے۔ تمام غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکس کو فوری بند کرکے لائسنس یافتہ مراکز کی لسٹ فراہم کی جائے۔ خون کی وقتی اسکریننگ ہونا ضروری عمل ہے۔ ناقص آلات سے کیے جانے والے دانتوں کے علاج، گھر پر ختنے، سرنجز کا دوبارہ استعمال اور کوڑا چننے والے بچوں کا اسپتال ویسٹ سے متاثر ہونا بڑے خطرات ہیں۔
سندھ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے آگے دیوار بن کر کھڑی ہے اور کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر صحت عذرا پیچوہو نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ منشیات استعمال کرنے والوں اور دیگر حساس انسانوں کو ہراساں نہ کرنے دیاجائے اور انہیں آگاہی دی جائے، آہستہ آہستہ اس عمل کو ختم کیا جائے کیونکہ یہ بیمار لوگ ہیں اور صحت مند ماحول تک ان کی رسائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے حکم دیا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ضلعی سطح پر نگرانی کا نظام مضبوط بنائےاور کسی بھی طرح کی ڈیسےلنگ منظور نہیں ہوگی۔ پولیس، ایڈمنسٹریشن، صحت کے اداروں اور سی بی اوز پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی ہی اس وبا کو روک سکتی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ سندھ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے آگے دیوار بن کر کھڑی ہے اور کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



