ویمنزورلڈکپ،جنوبی افریقی کپتان کی شاندار کارکردگی، متعدد ریکارڈز ٹوٹ گئے

کولمبو(جانوڈاٹ پی کے)جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان لورا وولوارٹ نے انگلینڈ کے خلاف ویمنز ورلڈکپ سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی انفرادی ریکارڈز اپنے نام کر لیے اور اپنی ٹیم کو پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔

ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں لورا وولوارٹ نے کیریئر کی بہترین 169 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ ریکارڈ بُک بھی اپنے نام سے بھر دی۔

ان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 319 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جو ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں جنوبی افریقہ کا سب سے زیادہ ٹیم اسکور ہے۔

یہ اننگز ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی قرار پایا۔

لورا وولوارٹ ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سنچری بنانے والی پہلی جنوبی افریقی کپتان بن گئیں جبکہ یہ کارکردگی ویمنز ورلڈکپ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے دوسرا بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔

اسی میچ میں انہوں نے ویمنز ون ڈے کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کر کے یہ سنگ میل عبور کرنے والی پہلی جنوبی افریقی کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

مزید یہ کہ اپنی اس اننگز کے دوران لورا وولوارٹ نے ویمنز ورلڈکپ میں سب سے زیادہ مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا، یوں وہ ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں اپنی شاندار بیٹنگ سے نیا باب رقم کر گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button