ایس پی اسلام آباد کی پراسرارموت؛ متوفی عدیل اکبر کے آپریٹر کا بیان ریکارڈ ، اہم انکشافات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پولیس کے ایس پی کی پراسرارموت کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ مرحوم ایس پی عدیل اکبر کے آپریٹر نے اپنا ابتدائی بیان تحقیقاتی ٹیم کو ریکارڈ کروا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریٹر نے بیان دیا کہ عدیل اکبر اپنی پروموشن سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن ملنے جا رہے تھے، ایس پی عدیل اکبر کو فون کال چار بج کر 23 منٹ پر آئی تھی، عدیل اکبر نے ڈرائیور کو دفتر خارجہ جانے کا کہا، عدیل اکبر دستاویزات کی تصدیق کے لیے دفتر خارجہ گئے اور کچھ دیر بعد واپس آگئے۔

آپریٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک اور کال آئی جس کے بعد نجی ہوٹل کے سامنے ایس پی عدیل اکبر نے مجھ سے گن مانگی، میں نے میگزین نکال کر گن عدیل اکبر کو دی، عدیل اکبر نے سیکیورٹی چیکنگ کے دوران پوچھا یہ گن چلتی بھی ہے کہ نہیں۔آپریٹر کے مطابق عدیل اکبر نے کہا کہ میگزین مجھے دو اس میں کتنی گولیاں ہیں، میگزین عدیل اکبر کے حوالے کی اور کہا کہ اس میں 50 گولیاں ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم عدیل اکبر کو موصول ہونے والی فون کالز اور ہتھیار کے استعمال سے متعلق پہلووں کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ادھر، تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گولی لگنے کا زاویہ پینسٹھ (65) ڈگری تھا جبکہ ماہرین کے مطابق اس زاویے سے کسی شخص کے لیے خود کو گولی مارناخصوصا دو دیگر افراد کی موجودگی میں انتہائی مشکل ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کا ڈرائیور اور آپریٹر پولیس تحویل میں ہیں، گاڑی میں ہونے والی بات چیت کی تحقیقات جاری ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کا ڈینگی ٹیسٹ پوزیٹو آیا تھا،میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے 20 اکتوبر کو پولی کلینک سے چیک اپ کرایا تھا، ڈینگی پوزیٹیو آنے کے بعد ایس پی عدیل اکبر نے 3 روز کی چھٹی کی درخواست دی تھی، ڈی آئی جی اسلام آباد نے عدیل اکبر کی چھٹی منظور کر لی تھی۔خیال رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد میں ایس پی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا تھا، پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کو ان کی گاڑی میں ہی گولی لگی تھی

مزید خبریں

Back to top button