پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ہونا چاہیے:افغان طالبان رہنما کا بیان

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)افغانستان میں برسراقتدار طالبان رجیم کے قطر میں سفیر سہیل شاہین نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ہونا چاہیے۔
گزشتہ دنوں ترکیے کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ہوا جو 4 روز جاری رہا اور یہ مذاکرات ناکام ہوگئے۔
شواہد دیے جانے کے باوجود افغان وفد نے سرحد پار دہشت گردی روکنے کی ضمانت دینے سے انکارکردیا۔ ان مذاکرات میں افغان وفد میں طالبان کے قطر میں سفیر سہیل شاہین بھی شریک تھے۔
مذاکرات کے حوالے سے بی بی سی سے گفتگو میں سہیل شاہین کا کہنا تھاکہ اس طرح کے مذکرات ایک ہی بیٹھک یا ایک ہی دور میں حتمی معاہدے نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں اور مذاکرات کا ایک اور دور ہونا چاہیے۔



