ترکیہ کے مغربی حصے میں 6.1 شدت کا زلزلہ، شہریوں میں خوف و ہراس

ترکیہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ کے مغربی علاقے میں شدید نوعیت کے زلزلے نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، استنبول، ازمیر اور برسا سمیت کئی صوبوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز بالکیسر شہر کے علاقے سندرگی میں واقع تھا، جبکہ زلزلہ زمین کے اندر تقریباً 6 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا۔

شدید جھٹکوں کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کے دوران شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے، اور مختلف شہروں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

زلزلے کے جھٹکے ازمیر، استنبول، برسا اور دیگر صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ حکام کے مطابق امدادی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ اگست میں اسی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اس سے قبل 2023 کے تباہ کن زلزلے میں ترکیہ بھر میں 55 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button