محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر اور قائم مقام امریکی سفیر کی الگ الگ ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات،سیکورٹی تعاون پرتبادلہ خیال

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پانچ برس بعد برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کے آغاز پر برطانوی حکومت اور ہائی کمشنر سے اظہار تشکر کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر اور قائم مقام امریکی سفیر نے منشیات کے خلاف پاک بحریہ کے حالیہ آپریشن کو سراہا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس دوران امیگریشن اور انسداد منشیات کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے سینٹر آف ایکسیلنس جیسے منصوبے پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس مرکز کے قیام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان میوچل لیگل اسسٹنٹس اور ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور سکیورٹی و انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔



