وزیر آباد میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں تھم نہ سکیں،ڈکیتی مزاحمت پر ٹریول ایجنٹ پر تشدد

وزیرآباد(نامہ نگار) ڈکیتی اوررہزنی کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، جی ٹی روڈ پر ٹریول ایجنٹ کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا گیا، مزاحمت پر ڈاکوؤں کا تشدد، ڈاکو ہزاروں روپے نقدی، موبائل اور قیمتی کاغذات لے کر فرار ہوگئے۔
جی ٹی روڈ پر جنڈیالہ ڈھاب والہ کے قریب تلواڑہ کے رہائشی میاں ابوبکر نامی ٹریول ایجنٹ کو ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روکا، رکنے میں مزاحمت پر پستول کے بٹ مار کر تشدد کیا اور ابوبکر سے 9ہزار روپے نقدی، قیمتی موبائل و کاغذات چھین کر فرار ہو گئے۔ تاجروں اور شہریوں کے ساتھ مسلسل ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔
سماجی حلقوں نے پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے پولیس افسروں کی تعیناتی کامطالبہ کردیا
سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے علاقہ میں پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے پولیس افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔ صدر پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لے کر وقوعہ کی بابت مقدمہ نمبر 1478/25 زیر دفعہ 392 ت پ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



