وزیراعظم آزاد کشمیر نے مستعفی ہونے کے لئے شرط عائد کر دی

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے مستعفی ہونے کے لئے شرط عائد کر دی۔

ذرائع کے مطابق چودھری انوار الحق نے حامی وزراء اور اراکین اسمبلی کے لئے ترقیاتی فنڈز اور جاری منصوبوں کی گارنٹی مانگ لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ ن لیگ کے وزراء اور ٹکٹ ہولڈرز کو بھی آئندہ الیکشن سے قبل برابری کی بنیاد پر فنڈز دیئے جائیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اتفاق کر چکی ہیں اور ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کو تحریک عدم اعتماد کیلئے 36 ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔

دوسری جانب چودھری انوار الحق نے بھی تاحال وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ نہیں دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اگر نمبرز پورے ہیں تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button