بھارتی بینک کا وائی فائی”پاکستان زندہ باد” سے گونج اٹھا،تھرتھلی مچ گئی

نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو کے ایک پرائیویٹ بینک کی وائی فائی آئی ڈی’پاکستان زندہ باد ‘کے نام سے تبدیل ہونے کے بعد بھگڈر مچ گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل گووردھن سنگھ نامی شہری نے بنگلورو کے ایک پرائیویٹ بینک میں مشتبہ وائی فائی آئی دیکھنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ بھارتی میڈیا رپورٹ میں شکایت درج کروانیوالے شہری کا تعلق سخت گیر ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے یوتھ ونگ بجرنگ دل سے بتایا گیا ہے ، بجرنگ دل کے کارکنوں نے الزام لگایا ہے کہ اس علاقے میں ملک دشمن عناصر کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب بینک کا مؤقف ہے کہ بینک کے وائی فائی میں مرمت کیلئے ایک مقامی ٹیکنیشن کی خدمات وصول کی گئی تھیں ، جس کے بعد وائی فائی کا نام تبدیل ہوگیا۔پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش کیلئے جب ٹیکنیشن سے رابطہ کرنا چاہا تو وہ بینک سے جاچکا تھا حتیٰ کہ اب اس کا نمبر بھی بند جارہا ہے۔شہری کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ٹیکنیشن کی تلاش شروع کردی ہے تاہم پولیس بھی تاحال ٹیکنیشن کو تلاش کرنے میں ناکام ہے۔



